شام کا زلزلہ زدہ شہر حلب کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا رن وے اسرائیلی حملے میں تباہ ہو گیا۔
شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل نے حلب ہوائی اڈے پر فضائی حملہ کیا ہے جس سے اس کا رن وے تباہ ہو گیا ہے۔ حملے کے بعد ایئرپورٹ پر آپریشنل سروسز معطل ہو گئی ہیں۔
سانا نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ میزائل حملے منگل کی علی الصبح ہوئے۔
ایک فوجی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے سانا ایجنسی نے کہا کہ اسرائیل نے لطاکیہ کے مغرب میں بحیرہ روم کی سمت سے ایک فضائی حملہ کیا جس میں حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔
شام کی جنگ میں بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا کرنے والے شہر حلب کو گزشتہ ماہ جنوبی ترکی اور شمال مغربی شام میں آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے میں ایک بار پھر شدید نقصان پہنچا تھا۔ اس کے بعد سے متعدد ممالک نے شہر کے ہوائی اڈے پر امدادی سامان بھیجا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق شام کی وزارت ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام طے شدہ پروازیں، بشمول انسانی امداد لے جانے والی پروازوں کو "اسرائیلی جارحیت” کے بعد دمشق اور لاذقیہ کے لیے روانہ کیا جائے گا۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔