شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی میزائل حملوں کے نتیجے میں ایک شامی فوجی ہلاک ہو گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز صبح سویرے شامی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے طیاروں کا استعمال کیا اور اس بات کو تسلیم کیا کہ زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں نے اہداف کو نشانہ بنایا۔
شامی خبر رساں ایجنسی ثنا کا کہنا ہے کہ مقبوضہ گولان کی سمت سے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل حملے دمشق کے قریب صبح 1:10 بجے کیے گئے جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک ہو گیا۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ دمشق کی جانب فائر کیے گئے کچھ میزائلوں کو دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے جوابی کارروائی قرار دیا ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ دمشق کی جانب سے طیارہ شکن میزائل فائر ہونے کے جواب میں حملے کیے گئے ہیں۔