منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

ساحل کی صفائی کرا لی، سرنجز کسی لیب یا اسپتال کی ہیں: ڈپٹی کمشنر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: اے آر وائی نیوز کی ساحل پر اسپتال کے فضلے کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے کلفٹن کے ساحل کا دورہ کیا، انھوں نے کہا کہ ساحل کی صفائی کرا دی ہے، فضلہ کسی لیب یا اسپتال کا لگتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے ساحل پر بڑے پیمانے پر منشیات کے استعمال کے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہ ظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ طبی فضلہ سمندر میں بہہ کر ساحل پر آیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری کر کے مزید حقایق سامنے لائے جائیں۔

قبل ازیں، ساحل پر استعمال شدہ سرنجز ملنے کے واقعے پر مذکورہ حلقے سے منتخب ہونے والے پی ٹی آئی کے ایم این اے آفتاب صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی میں میڈیکل ویسٹ ٹھکانے لگانے کا نظام ہی موجود نہیں ہے، ساحل پر نشے کی لت میں مبتلا افراد نے سرنجز پھینکی ہیں۔

آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ میڈیکل ویسٹ سمیت کچرا ختم کرنے کی ذمہ داری حکومت کی ہے، ساحل پر سرنجز کا ملنا کئی بیماریوں کے پھلینے کا سبب بن سکتا ہے، سندھ حکومت فوری اس معاملے کا نوٹس لے۔

تازہ ترین خبریں پڑھیں:  کراچی کے ساحل پر استعمال شدہ سرنجوں کا انکشاف،ایڈز اور ہیپاٹائٹس پھیلنے کا خدشہ

ادھر صوبائی مشیر ماحولیات اور قانون مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ انھوں نے ٹویٹر کے ذریعے سی ویو پر سرنجز کی موجودگی کا پیغام دیکھا، پیغام بڑا منفی تھا جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیا، ان کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر نے ساحل کا دورہ کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ساحل پر 10 سے 12 سرنجز ملیں جنھیں اٹھا لیا گیا ہے، دو سے ڈھائی گھنٹے میں ساحل کو کلیئر کر دیا جائے گا، عوام کا شکر گزار ہوں کہ اس مسئلے کی نشان دہی کی، اس سلسلے میں اسپتالوں اور متعلقہ اداروں کو خطوط لکھ دیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں سے پوچھا جائے گا وہ طبی فضلہ کہاں پھینکتے ہیں، وفاقی حکومت کو بھی چاہیے کے اس مسئلے پر اپنا کردار ادا کرے۔

مشیر ماحولیات نے یہ بھی کہا کہ پورٹس پر سیوریج پلانٹ لگانے کے احکامات واٹر کمیشن نے دیے، افسوس ناک بات ہے کہ نالوں کے پانی کے ساتھ کچرا بھی سمندر میں جاتا ہے، کچرے کے معاملے پر سیاست سے اجتناب کیا جائے، ہر ادارے کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں