جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

رضوانہ، فاطمہ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے نظام بنایا جائے،اداکار برادری

اشتہار

حیرت انگیز

اداکارہ ماہرہ خان نے فاطمہ اور رضوانہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے نظام تشکیل دینا ہوگا۔

اداکارہ چائلڈ لیبر اینڈ ٹریفیکنگ کے خاتمے کے حوالے سے ہونے والی پریس کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کررہی تھیں، ان کے ساتھ ادکار احسن خان اور اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل بھی موجود تھیں۔

ماہرہ خان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ پیش آنے والے تشدد، قتل و زیادتی کے واقعات پر کسی صورت خاموش نہیں رہا جاسکتا، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک مکمل نظام بنایا جائے جب کہ لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔

ذرائع ابلاغ سے عالمی شہرت یافتہ ادکارہ نے اپیل کی کہ ان کیسز کو رپورٹ کرنا بالکل بھی بند نہ کریں، وہ خود بھی ان واقعات پر سوشل میڈیا پلیٹ فار پر زیادہ سے زیادہ بات کریں گی۔

معروف اداکار احسن خان نے جواب دیا کہ میڈیا آپ کی بات پہنچانے میں معاون ثابت ہوتا ہے، ہمارے اسکرپٹس یا ٹیلی ویژن شوز میں جو بات ہوتی ہے وہ اپنا اثر رکھتی ہے، چینل مالکان، پروڈیوسر اور ایکٹرز اصلاحی کام کرنے پر زیادہ زور دیں۔

اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ قتل، زیادتی یا تشدد جیسے مسائل کے ٹھوس حل کے لیے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری آگاہی مہم کا حصہ بن سکتی ہے، لیکن اس کے لیے اسکرپٹ میں سے پہلے تھپڑ مارنے والے ہیرو کو نکالنا ہوگا، رائٹرز خواتین کی خودمختاری پر مبنی کہانیاں سامنے لائیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں