لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس کے لئے ایک معیار رکھا ہے جو معیار پر پورا نہیں اترا اس کومنتخب نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 24 مارچ سے شروع ہونے والے دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت بلے باز عمر اکمل اور اسپین باؤلر یاسر شاہ دونوں طرز کی کرکٹ مین جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
ٹی 20 ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ہوں گے جن کے ہمراہ ٹیم میں احمد شہزاد، کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، سرفراز احمد، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، سہیل تنویر، وہاب ریاض، رومان رئیس اور عثمان خان شنواری شامل ہوں گے جب کہ فاسٹ باﺅلر محمد عامر کو ٹی 20 سیریز میں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کی قیادت کا سہرا بھی سرفراز احمد کے سر سجا جب کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، آصف ذاکر، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض، محمد عامر، فہیم اشرف، جنید خان اور محمد اصغر شامل ہیں۔
دوسری جانب ون ڈے ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کو مطمئن نہیں کرسکے اور ایک روزہ ٹیم اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے جب کہ عمر اکمل فٹنس کے معیار پر پورا نہیں اتر سکے اور ٹیم سے باہر ہو گئے اسی طرح یاسر شاہ بھی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔