لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) نے ٹی ٹوئنٹی ویمن کرکٹ ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز رواں ماہ کی 26 تاریخ سے ہوگا، ٹورنامنٹ کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں تین ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید چار ٹیموں کا اضافہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: دورہِ پاکستان: انگلش کپتان بین اسٹوکس سے متعلق اہم خبر
پی سی بی کے مطابق پہلا مرحلہ ڈبل لیگ جبکہ دوسرا مرحلہ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا، تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے, ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ رنر اپ ٹیم کو 5 لاکھ ملیں گے، ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کو 50 ہزار جبکہ میچ کے بہترین کھلاڑی کو 20 ہزار دئیے جائیں گے۔پی سی بی کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ٹورنامنٹ کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ہم آہنگ ہونے میں مدد فراہم کرے گا اور اس ٹورنامنٹ کی مدد سے افتتاحی آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ورلڈ کپ اور آئی سی سی ٹی 20 ویمنز ورلڈ کپ کے اسکواڈز منتخب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔