کراچی : قومی سہ فریقی ٹی 20 ویمنز ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد کی گئی، دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے جیت اپنے نام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قومی سہ فریقی ٹی 20 ویمنز ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر پی سی بی چیلنجرز کی کپتان بسمہ معروف اور پی سی بی بلاسٹر کی کپتان رامین شمیم نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل کل نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، یہ پہلا موقع ہے کہ ویمنز کرکٹ میچ فلڈ لائٹس میں کھیلا جارہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کپتان پی سی بی چیلنجرز بسمعہ معروف نے کہا کہ ہماری ٹیم نے تمام شعبوں میں اچھا کھیل پیش کیا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ اچھا کھیل پیش کر کے ٹرافی اپنے نام کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ جمعہ کو دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پی سی بی بلاسٹرز نے پی سی بی چیلنجرز کو12 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی تھی۔
میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر جویریہ روٴف اور انعم امین کو مشترکہ طور پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔