جمعرات, جولائی 4, 2024
اشتہار

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں بننے والے نا قابل فراموش ریکارڈز

اشتہار

حیرت انگیز

امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا گیا ٹی 20 ورلڈ کپ بھارت کے چیمپئن بننے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا میگا ایونٹ میں کئی نئے ریکارڈ بھی بنے

کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی ٹورنامنٹ امریکا میں بھی منعقد ہوا اور ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی امریکا نے ویسٹ انڈیز کے ساتھ مشترکہ طور پر کی۔ لگ بھگ ایک ماہ تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ بھارت کے دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا لیکن میگا ایونٹ میں کھلاڑیوں کی یادگار پرفارمنس اور کئی نئے ریکارڈز بھی بنے۔

آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے کسی بھی میگا ایونٹ میں بیک ٹو بیک ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بولر بنے جنہوں نے پہلے بنگلہ دیش اور پھر اگلے میچ میں افغانستان کے خلاف مسلسل تین گیندوں پر تین بلے بازوں کی وکٹیں اڑائیں۔

- Advertisement -

تاہم اس کے ساتھ ہی کسی بھی میگا ایونٹ میں ایک ہی روز میں دو ہیٹ ٹرک بننے کا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔ جس روز پیٹ کمنز نے افغانستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کی، اسی روز ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کے کرس جارڈن نے امریکا  کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار کسی بولر نے اپنے کوٹے کے چاروں اوورز میڈن کرائے۔ نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن نے پاپوا نیوگنی کے خلاف 24 کی 24 ڈاٹ بالز کرائیں اور ایک بھی رن نہ دینے کے ساتھ تین بلے بازوں کو بھی آؤٹ کیا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں افغانستان نے اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کیا۔ کرکٹ کی سپر پاور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کو شکست دے کر پہلی بار کسی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ میگا ایونٹ میں افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز 281 رنز بنا کر سر فہرست رہے جب کہ بولنگ میں بھی افغانستان کے فضل حق فاروقی، بھارت کے رشدیپ سنگھ کے ہمراہ 17 وکٹوں کے ساتھ سب سے اوپر ہیں۔

اسی میگا ایونٹ میں افغان کپتان راشد خان 100 سے کم میچز میں 150 وکٹوں کو سنگ میل عبور کرنے والے پہلے بولر بن گئے۔

فضل حق فاروق نے صرف 9 رنز کے عوض حریف پانچ بلے بازوں کا شکار کر کے اننگز میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی فاتح ٹیم بھارت کے کپتان روہت شرما نے 19 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بنایا۔ اس کے ساتھ ہی ٹی 20 میں 200 چھکے لگانے والے پہلے بیٹر بننے کا اعزاز بھی پایا۔

انگلش ٹیم میگا ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع تو نہ کر پائی مگر انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے امریکا کے خلاف ایک ہی اوور میں پانچ چھکے ضرور لگائے۔

میگا ایونٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگ کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن کے پاس رہا جو افغانستان کے خلاف 98 رنز کی اننگ کھیلنے میں کامیاب رہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں شاندار کیچز پکڑنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ بھارت کے فیلڈر اکشر پٹیل کا سپر ایٹ مرحلے میں مچل مارش کے کیچ کو ٹورنامنٹ کا بہترین کیچ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

میگا ایونٹ میں انگلینڈ اور اومان کا مختصر ترین میچ ہوا۔ اومان کی ٹیم 47 رنز پر ڈھیر ہوئی تو انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3.1 اوور میں حاصل کر لیا جب کہ اسی ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان کھیلا گیا سیمی فائنل بھی ٹی 20 ورلڈ کپ کی 17 سالہ تاریخ کا سب سے مختصر سیمی فائنل رہا جس میں میچ کا فیصلہ مجموعی طور پر 20 اوورز پورے کھیلے بغیر ہی ہوگیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں