ہفتہ, جون 29, 2024
اشتہار

ٹی 20 ورلڈ کپ: افغان کرکٹرز کارکردگی میں سب سے آگے

اشتہار

حیرت انگیز

ٹی 20 ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنل کل (جمعرات) کو کھیلے جائیں گے اب تک میگا ایونٹ میں افغان کرکٹرز کارکردگی میں سب سے آگے ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اختتام کی جانب گامزن ہے۔ سیمی فائنل میچز کل کھیلے جائیں گے۔ پہلا مقابلہ افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا جب کہ دوسرے ناک آؤٹ میچ میں بھارت اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ مدمقابل ہوں گے۔

رواں میگا ایونٹ کے گروپ راؤنڈ سے سپر ایٹ مرحلے کے اختتام تک مجموعی طور پر 52 میچز کھیلے گئے۔ اس میں بیٹنگ ہو، بولنگ سب سے اوپر افغان کرکٹرز ہی نظر آتے ہیں۔

- Advertisement -

میگا ایونٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں انڈر ڈاگ کہلائی جانے والی ٹیم افغانستان نے جہاں نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر میگا ایونٹ سے باہر کیا، وہیں کرکٹ کی سپر پاور کہلائی جانے والی آسٹریلوی ٹیم کو سپر ایٹ میں چاروں شانے چت کر کے سابق عالمی چیمپئن کا ورلڈ کپ سے پتہ صاف کیا۔

مسلسل 4 دہائیوں تک جنگ سے متاثرہ افغانستان کی اس شاندار کامیابی میں اس کے کھلاڑیوں کی اجتماعی کے ساتھ انفرادی کارکردگی کا بڑا دخل ہے اور اپنی اسی کارکردگی کی بدولت وہ بولنگ ہو یا بیٹنگ یا پھر فین ریٹنگ سب میں سر فہرست نظر آتے ہیں، جنہوں نے دنیائے کرکٹ کے مقبول ترین بڑے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بات کریں میگا ایونٹ کے ٹاپ بلے بازوں کی اس کے ٹاپ تھری بیٹرز میں دو افغان کرکٹرز شامل ہیں۔ سرفہرست افغان رحمان اللہ گرباز ہیں جنہوں نے 7 میچوں کی 7 اننگز میں 281 رنز بنا رکھے ہیں۔

رحمان اللہ نے یہ رنز 40.14 کی شاندار بیٹنگ اوسط اور 126 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں۔ وہ میگا ایونٹ میں سب سے زیادہ تین نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔

اس فہرست میں دوسرے افغان اوپنر ابراہیم زردان تیسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے سات میچز کی سات اننگز میں دو نصف سنچریوں کی مدد سے 255 رنز بنائے ہوئے ہیں جب کہ دونوں افغانی کرکٹر کے درمیان دوسرے نمبر پر آسٹریلوی کھلاڑی ٹریوس ہیڈ ہیں جنہوں نے 7 میچز کی اتنی ہی اننگز میں 2554 رنز بنائے۔

بات کریں ٹاپ بولرز کی تو اس ابتدائی پانچ کی فہرست میں تین پر افغانستان کے کھلاڑیوں نے قبضہ جما رکھا ہے۔

پہلے نمبر پر فضل حق فاروقی ہیں جنہوں نے 16 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور سات میچز میں اب تک ایک میچ میں ایک بار پانچ اور ایک بار چار وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔

اس فہرست میں تیسرے نمبر پر افغان کپتان راشد خان کا نام آتا ہے جنہوں نے 15 وکٹیں لے رکھی ہیں جب کہ مخالف 13 بیٹرز کی وکٹیں اڑانے پر ہم وطن نوین اقبال پانچویں نمبر پر ہیں۔

ٹاپ بولرز میں دوسرے نمبر پر بھارت کے ارشدیپ سنگھ 15 وکٹیں لے کر دوسرے جب کہ بنگلہ دیشی بولر راشد حسین 14 وکٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

ٹورنامنٹ کے اب تک ویلیو ایبل (بیش قیمت) کھلاڑیوں کی ٹاپ 5 ریٹنگ میں بھی تین افغان کرکٹرز موجود ہیں جن میں سر فہرست افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز، دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے مارکوس اسٹینوس، تیسرے نمبر پر افغان کپتان راشد خان، چوتھے پر ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل اور پانچویں نمبر پر افغانستان کے ہی فضل حق فاروقی موجود ہیں۔

ورلڈ کپ کے ٹاپ فین ریٹنگ کھلاڑیوں کی فہرست میں افغان کپتان راشد خان ٹاپ تھری میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ پہلے نمبر پر نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن اور دوسرے نمبر پر بھارتی کپتان روہت شرما موجود ہیں۔

افغان کوچ ڈائریکٹر تو کھلاڑی کمال کا ایکٹر، جیت کیلیے ڈرامے کا الزام، وائرل ویڈیو

واضح رہے کہ رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کل (جمعرات) افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے شروع ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں