ٹی 20 ورلڈ کپ میں افغانستان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار آئی سی سی کے کسی ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
ویسٹ انڈیز میں کے کنگز ٹاؤن میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر ایٹ کے آخری مرحلے میں افغانستان نے کم ہدف کا بھی کامیابی اور بہادری سے دفاع کیا اور 116 رنز کا تعاقب کرنے والے بنگلہ دیشی ٹیم کو 18 ویں اوور میں 105 رنز پر ڈھیر کر کے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 8 رنز سے مقابلہ جیتا اور سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹایا۔
View this post on Instagram
میچ میں بار بار بارش کی مداخلت بھی افغانیوں کی جیت کی بھوک ختم نہ کر سکی اور افغانستان کی اس جیت کے ساتھ ہی سابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا کا ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوا اور وہ افغانستان سے شکست کا زخم لے کر خالی ہاتھ وطن واپس لوٹے گی۔
View this post on Instagram
افغان کپتان راشد خان نے بنگال ٹائیگرز کی بیٹنگ لائن میں شگاف ڈالا اور مڈل آرڈر کا پتہ صاف کر کے 116 کے ہدف تک رسائی کو نا ممکن بنایا۔ وہ 23 رنز دے کر چار کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے، تاہم آغاز اور سنسنی خیز اختتامی لمحات میں بنگلہ دیشی بیٹرز کی وکٹیں اڑانے پر نوین الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ نوین نے 26 رنز دے کر ہی اتنے بیٹرز کی وکٹیں اڑائیں۔
View this post on Instagram
افغانستان کی جانب سے دیے گئے 116 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش آغاز سے ہی اوپر تلے وکٹیں گرنے کے بعد دباؤ کا شکار ہوگئی۔ وکٹ کیپر اوپنر بیٹر لٹن داس کے نا قابل شکست 54 رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 16 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب تنزید حسن کو رنز کا کھاتہ کھولے بغیر فضل الحق فاروقی نے صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ کپتان نجم حسین صرف 5 اور سینیئر آل راؤنڈر شکیب الحسن بغیر کوئی رنز بنا کر نوین الحق کا شکار بنے۔
اس کے بعد کپتان راشد خان نے ذمے داری لی اور مڈل آرڈر کو اکھیڑ کر رکھ دیا۔ انہوں نے سومیا سرکار (10)، توحید (14)، محمود اللہ (6) اور راشد حسین (0) کی وکٹیں لے کر بنگلہ دیش کو سخت مشکلات سے دوچار کر دیا۔
View this post on Instagram
تاہم اس موقع پر ایک اینڈ لٹن داس نے سنبھالے رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم دوسری جانب سے انہیں کوئی سپورٹ نہ مل سکی۔ آخری دو مہرے تسکین احمد اور مستفیض الرحمان کو نوین الحق نے پویلین بھیجا جب کہ فضل حق فاروقی اور گلبدین نائب سے ایک ایک وکٹ لے کر کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔
View this post on Instagram
اس سے قبل افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنائے۔ افغان اوپنرز نے 10.4 اوورز میں 59 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم بعد میں آنے والے بلے باز تیز رفتاری سے رنز نہ کر سکے۔
افغانستان کی پہلی وکٹ ابراہیم زردان کی صورت میں گری جو 18 رنز بنا کر راشد حسین کا شکار بنے جب کہ عظمت اللہ عمر زئی 10 رنز بنا سکے، انہیں مستفیض الرحمان نے پویلین بھیجا۔
گلبدین نائب اور محمد نبی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے اور بالترتیب ایک اور سات رنز بنا کر چلتے بنے جب کہ اوپنر رحمت اللہ گرباز نے 43 رنز کی اننگ کھیلی۔ کپتان راشد خان آخری لمحات میں تین چھکوں کی مدد سے 19 اور کریم جنت 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
View this post on Instagram
بنگلہ دیش کی جانب سے راشد حسین نے 26 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ مستفیض الرحمان اور تسکین احمد ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔
میگا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل جمعرات 27 جون کو کھیلے جائیں گے۔