ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل جاری ہیں تاہم اب تک بھارت انگلینڈ میچ کے ٹکٹ فروخت کیلیے دستیاب ہیں جس سے شائقین کرکٹ کی عدم دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ اختتام کی جانب گامزن ہے اور ویسٹ انڈیز میں سیمی فائنل کھیلے جا رہے ہیں تاہم شائقین کرکٹ کی جانب سے ناک آؤٹ مرحلے میں عدم دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق بھارت اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل سے چند گھنٹے قبل تک اس میچ کے 3 اسٹینڈز کے ٹکٹ فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔
اس میچ کے لیے 105، 200 اور 210 ڈالرز مالیت والے ٹکٹ اب تک مکمل طور پر فروخت نہیں ہوسکے ہیں۔
دوسری جانب پہلا سیمی فائنل جنوبی افریقہ نے افغانستان کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ تاہم اس میچ کے بھی 100 فیصد ٹکٹ فروخت نہ ہوسکے۔
افغانستان اور جنوبی افریقہ کے سیمی فائنل کے انعقاد تک چار کیٹیگریز کے ٹکٹس دستیاب تھے اور 55 ڈالرز والے اسٹینڈرڈ، 210 ڈالرز والے پریمیئم ٹکٹس فروخت نہیں ہوسکے تھے جب کہ 200 ڈالر کا پارٹی اسٹینڈ اور 800 ڈالر کا کلب اسٹینڈ بھی شائقین سے 100 فیصد نہ بھر سکا۔
آئی سی سی نے فائنل کےلیے بھی ٹکٹس جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل ہفتہ 29 جون کو برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا جس کی ایک ٹیم کا فیصلہ ہوگیا ہے تاہم جنوبی افریقہ کے مدمقابل بھارت ہوگی یا انگلش ٹیم۔ اس کا فیصلہ آج شام میچ کے بعد ہو سکے گا۔