ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلے ہی مرحلے میں میگا ایونٹ سے اخراج پر پاکستانی کرکٹرز شدید دباؤ کا شکار ہیں آوازیں کسنے پر حارث رؤف بھی طیش میں آ گئے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ پاکستان کرکٹ ٹیم اور اس کے چاہنے والوں کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت اور اب تک کا سب سے بدترین میگا ایونٹ ثابت ہوا جس میں گرین شرٹس پہلے مرحلے میں ہی ٹورنامنٹ سے انتہائی شرمناک انداز سے باہر ہو گئی۔
سابق عالمی چیمپئن کے یوں اخراج پر پاکستانی شائقین سمیت دنیا بھر کے کرکٹ لورز حیران اور قومی کرکٹرز پر کڑی تنقید کر رہے ہیں جس کی وجہ سے کھلاڑی دباؤ کا شکار ہیں اور اس کا مظاہرہ گزشتہ روز دیکھنے میں آیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو امریکی شہر فلوریڈا کے ہوٹل کے باہر کی ہے جہاں قومی فاسٹ بولر حارث رؤف اپنی اہلیہ کے ساتھ کہیں جا رہے ہیں کہ ایک ایک شخص کے آوازیں کسنے پر بے قابو ہوگئے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حارث رؤف اور ان کی اہلیہ مزنا جا رہے کہ قریب سے گزرنے والے چند افراد کے گروپ میں سے ایک شخص نے حارث رؤف پر آوازیں کسنا شروع کر دیں جس کی وجہ سے فاسٹ بولر غصے سے بے قابو ہو گئے۔
اس موقع پر وہ مذکورہ شخص کو مارنے کے لیے دوڑے تو اہلیہ اور وہاں موجود دیگر لوگوں نے انہیں روکا تاہم اس موقع پر زبانی تکرار ضرور ہوئی۔
حارث رؤف نے غصے میں پوچھا کہ کیا بھارتی ہو، جس پر مذکورہ شخص نے کہا کہ نہیں میں پاکستانی ہوں۔ اس پر فاسٹ بولر نے کہا کہ کیا تمہاری تربیت ایسی ہی کی گئی ہے۔ پاکستان میں تو تم سے اچھے لوگ بستے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور بھارت سے جیتی بازی ہارنے کے بعد پاکستان پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلے راؤنڈ میں ہی میگا ایونٹ سے باہر ہوا ہے۔
پہلے راؤنڈ میں بولرز نے قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن ہماری بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوئی نہ حریفوں کے لیے اچھا ہدف اسکور بورڈ پر سجا سکی اور نہ ہی معمولی ہدف کو کامیابی سے حاصل کر سکی۔
حارث رؤف نے رواں ورلڈ کپ کے چار میچز میں 101 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔