پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان سب سے زیادہ فائنل، سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیم

اشتہار

حیرت انگیز

ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم کی کارکردگی گوکہ اچھی نہیں لیکن گرین شرٹس میگا ایونٹ کے سب سے زیادہ فائنل اور سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیموں میں شامل ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم پی سی بی انتظامیہ اور کپتان کی تبدیلیوں سے گزری۔ میگا ایونٹ سے قبل 5 ماہ میں کھیلے گئے 16 میچز میں سے صرف 5 میں ہی فتح حاصل کر پائی، تاہم گرین شرٹس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی تین ٹیموں میں سے ایک ہے۔

قومی ٹیم آئرلینڈ سے بمشکل فتح حاصل کرنے اور انگلینڈ میں سیریز میں ناکامی کے بعد ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے امریکا پہنچی ہے تاہم کئی کرکٹ ماہرین اب بھی اس کو میگا ایونٹ کی فیورٹ ٹیموں میں شمار کرتے ہیں۔ اگر گرین شرٹس ماہرین کرکٹ کی امیدوں پر پورا اترتے ہیں تو ایک بار دنیائے کرکٹ کو حیران کر دیں گے۔

کسی میگا ایونٹ سے قبل پاکستان پہلی بار مسلسل ناکامی کا شکار نہیں ہوئی بلکہ ایسا کئی بار ہوچکا ہے اور گرین شرٹس جب بھی ڈارک ہارس بن کر ورلڈ کپ میں آئے ہیں تو بڑی بڑی ٹیموں کو ہرایا ہے اور ٹرافیاں بھی جیتی ہیں۔

بدقسمتی سے پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہ جیتنے والی پاکستانی ٹیم نے دوسرے ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائی اور آخری دو ورلڈ کپ میں تو اس کی پُرفارمنس انتہائی شاندار رہی، جس میں ایک بار سیمی فائنل اور ایک بار فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

گزشتہ ورلڈ کپ 2022 میں انگلینڈ سے فائنل میں مقابلہ ہوا لیکن اہم میچ سے قبل پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی انجری اور میچ میں عدم شرکت نے پاکستان کا دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور کر دیا۔

پاکستان ٹیم ان تین ٹیموں میں سے ایک ہے جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تین، تین فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ گرین شرٹس نے لگاتار 2007 اور 2009 اور پھر 2022 میں فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی تین تین فائنل کھیل چکی ہیں۔

پاکستان ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کی دوسری کامیاب ٹیم بھی ہے جس نے 47 میچز کھیلے اور 28 جیتے جب کہ سب سے زیادہ 6 سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز بھی رکھتی ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ: امریکی ٹیم میں کتنے پاکستانی کھلاڑی شامل؟

قومی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتے 15 سال بیت گئے۔ قوم کو ٹیم سے امید ہے اور کپتان بابر اعظم کی بھی خواہش ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹرافی فاتح کی حیثیت سے اٹھائیں جس کے لیے کھلاڑی بھی بھرپور جان لگائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں