آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستانی ٹیم اپنے اگلے دو میچز کھیلنے کے لیے پرتھ سے سڈنی روانہ ہوگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستانی ٹیم اپنے اگلے دو میچز کھیلنے کے لیے پیر کو پرتھ سے سڈنی کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔
ایونٹ میں پاکستان گروپ ٹو میں شامل ہے اور اس کا اگلا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا جب کہ اس کے بعد قومی ٹیم بنگلہ دیش کے مدمقابل ہوگی۔
جاری ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی اب تک انتہائی ناقص رہی ہے اور وہ سپر 12 کے تین میں سے دو میچز ہار کر پوائٹس ٹیبل پر دو پوائنٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
پاکستان نے روایتی حریف بھارت سے جیتا ہوا میچ ہارا، پھر زمبابوے نے شاہینوں کا اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی
قومی ٹیم نے گزشتہ روز نیدر لینڈ کو ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی، بولرز نے نیدر لینڈ کو 91 رنز تک محدود کردیا تھا تاہم پاکستانی بلے بازوں کو یہ میچ جیتنے کیلیے بھی 14 اوورز کھیلنے اور چار وکٹیں گنوانی پڑی تھیں۔