انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے افغانستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیگ اسپنر راشد خان کے ’جادو‘ دکھانے کی تصویر شیئر کردی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کے میچ میں کینگروز نے افغان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دی، آل راؤنڈر راشد خان کی 48 رنز کی اننگز رائیگاں گئی جبکہ کامیابی کے باوجود آسٹریلیا کی سپر فور میں رسائی مشکل ہے۔
آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بناسکی۔
گلین میکسویل کو شاندار 54 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میچ کے آخری لمحات میں راشد خان نے شاندار چھکا لگایا لیکن وہ اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرواسکے ان کی اننگز میں تین چوکے اور چار بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
انسٹاگرام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے راشد خان کی ’جادو‘ دکھانے کی تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ گیند ہاتھ میں لیے جادو دکھا رہے ہیں۔
افغان آل راؤنڈر کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اسے اب تک لاکھوں صارفین دیکھ چکے ہیں اور اس پر اپنی رائے بھی ظاہر کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ کل ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی اگر انگلش ٹیم کی کامیابی کینگروز کو ورلڈ کپ سے باہر کرسکتی ہے۔