بھارت کے کپتان روہت شرما جیسے ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے چیمپئن کپتان بنے تو انہوں نے ایسا انوکھا جشن منایا کہ اس سے قبل کوئی کپتان نہ منا سکا۔
کرکٹ کی دنیا میں اب تک 13 ون ڈے ورلڈ کپ اور اس میگا ایونٹ سے قبل 8 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی کے کئی ایڈیشن ہوچکے ہیں جب کہ دیگر کھیلوں کے بھی بین الاقوامی مقابلے منعقد ہوئے جس میں ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد ٹیم نے جشن منائے اور کھلاڑیوں نے انفرادی جشن منا کر سب کی توجہ حاصل کی۔
کسی کھلاڑی نے اپنے ملک کا جھنڈا لپیٹ کر گراؤنڈ کا چکر لگایا تو کسی کپتان کو اس کے کھلاڑیوں نے کاندھوں پر اٹھا کر میدان گھمایا، کسی نے سجدہ ریز ہو کر جیت پر اللہ کا شکر ادا کیا تو کسی نے بیلز اکھاڑ فاتحانہ انداز اختیار کیا کئی کپتانوں اور کھلاڑیوں نے میدان کو چوم کر بھی اپنی جیت کا جشن منایا۔
تاہم گزشتہ شب ویسٹ انڈیز میں جب بھارت نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سات رنز سے شکست دے کر دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تو بھارت کپتان روہت شرما ایسا منفرد جشن منایا جو آج تک نہیں دیکھا گیا اور اس انوکھے جشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔
View this post on Instagram
روہت شرما نے جیت کے اس لمحے کو یادگار بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پِچ کی ریت کا کچھ حصہ اٹھا کر منہ میں ڈال لیا جہاں پر انہوں نے بطور کپتان بھارت کو فائنل جتوایا۔
ورلڈ کپ جیتنے کے بعد روہت شرما نے بھارتی جھنڈا بھی میدان میں گاڑھا۔
فتح کے جشن کے اس انوکھے انداز کی ویڈیوز آئی سی سی کے آفیشل اکاؤنٹس سے شیئر کی گئی ہے جس میں روہت شرما کو پچ سے ریت اٹھا کر منہ میں ڈالتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس یادگار فتح کے بعد ویرات کوہلی اور روہت شرما نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے فاتحانہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ یادگار لمحہ ہے اور اس فارمیٹ سے رخصتی کا اس سے بہتر موقع نہیں ہو سکتا۔