جمعہ, جون 28, 2024
اشتہار

ٹی 20 ورلڈ کپ: آر یا پار، سیمی فائنل میں رسائی کیلیے آج بھارت اور آسٹریلیا میں جنگ چھڑے گی

اشتہار

حیرت انگیز

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر ایٹ کے گروپ اے میں سیمی فائنل میں رسائی کے لیے دو سابق عالمی چیمپئنز بھارت اور آسٹریلیا آج میدان میں اتریں گے۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ سپر ایٹ میں گروپ ٹو کے تمام میچز مکمل ہوچکے جہاں سے جنوبی افریقہ اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گئے جب کہ میزبان ویسٹ انڈیز اور امریکا کا ورلڈ کپ اس مرحلے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

تاہم گروپ ون میں صورتحال دلچسپ ہے جہاں گروپ میں موجود چاروں ٹیمیں تاحال سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے کوشش کر رہی ہیں اور آج آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان اہم میچ کھیلا جائے گا۔

- Advertisement -

پاکستانی وقت کے مطابق جب دونوں ٹیمیں شام ساڑھے سات بجے ویسٹ انڈیز کے گروس آئلیٹ کے میدان میں مقابلے کے لیے اتریں گی تو جیت کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیں گی۔

بھارت جو دو میچز جیت کر گروپ میں سر فہرست ہے، اگر وہ میچ میں فاتح رہتا ہے تو سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لے گا جب کہ آسٹریلیا کو افغانستان اور بنگلہ دیش کے کل ہونے والے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑے گا۔

اگر آسٹریلیا میدان مارتا ہے تو دونوں ٹیموں کے چار چار پوائنٹ ہوجائیں گے تاہم کوئی بھی حتمی طور پر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکے گی اور دونوں کو کل تک سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑے گا۔

اس گروپ میں افغانستان ایک میچ جیت کر دو پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ اگر وہ بنگلہ دیش سے کل میچ جیت لیتا ہے تو آج آسٹریلیا کی شکست کی صورت میں ان دونوں میں سے کوئی ایک ٹیم رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ اگر آج کینگروز فاتح ہوتے ہیں اور افغانستان کل میچ جیت جاتا ہے تو بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان تینوں ٹیموں کے چار چار پوائنٹ ہو جائیں گے اور رن ریٹ کی بنیاد پر ٹاپ کی دو ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

اگر افغانستان کل بنگلہ دیش سے میچ ہار جاتا ہے اور آج آسٹریلیا کو بھارت سے شکست ہوتی ہے تو پھر انڈیا سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا جب کہ باقی تینوں ٹیمیں ایک، ایک میچ جیت کر دو، دو پوائنٹ کے ساتھ ہوں گی اور ان میں سے رن ریٹ پر ایک ٹاپ ٹیم سیمی فائنل میں پہنچے گی۔

تاہم بھارت جس کا رن ریٹ اس وقت 2.425 ہے وہ آج آسٹریلیا سے اپنی شکست کی صورت میں بھی کل کے میچ کا نتیجہ جو بھی ہو بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی اور کینگروز کے پاس اس ہار کا بدلہ لینے کا آج اچھا موقع ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ: گروپ 2 سے سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں