ٹی 20 ورلڈ کپ کے 47ویں میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو باآسانی 50 رنز سے شکست دے دی۔
اینٹیگا میں کھیلے گئے سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون کے میچ میں بھارت کی جانب سے دیے گئے 197 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی۔
کپتان نجم الحسن شنٹو کی 40 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، تنزید حسن 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
رشاد حسین نے 10 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی، محمود اللہ 13 رنز پر ارشدیپ سنگھ کا نشانہ بنے، شکیب الحسن 11 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کو وکٹ دے بیٹھے۔
لٹن داس 13 رنز پر ہاردک پانڈیا کا نشانہ بنے، توحید ہریدوئے 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جسپریت بمراہ اور ارشدیپ سنگھ نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کیے، ہاردک پانڈیا ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے تھے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دیا تھا۔
View this post on Instagram
ہاردک پانڈیا نے 27 گیندوں پر 50 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور چار چوکے شامل تھے، ویرات کوہلی 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
View this post on Instagram
رشبھ پنت 36 رنز بنا کر رشاد حسین کو وکٹ دے بیٹھے، کپتان روہت شرما 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سوریا کمار یادیو 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔
View this post on Instagram
بنگلہ دیش کی جانب سے تنظیم حسین اور رشاد حسین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، شکیب الحسن ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
View this post on Instagram
بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شنٹو نے ٹاس جیت کر روہت شرما الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر بیٹنگ ہی کرتے، کوشش ہوگی اچھا اسکور بنائیں، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
View this post on Instagram
نجم الحسن شنٹو کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، کوشش کریں گے بھارت کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھیں۔
View this post on Instagram
سپر ایٹ مرحلے کے اپنے پہلے میچ میں بنگلادیش کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ اس میچ میں فتح کے ساتھ بھارتی ٹیم کے ورلڈکپ سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کی راہ ہموار ہوجائے گی۔
بھارت نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی تھی۔