منگل, دسمبر 24, 2024
اشتہار

ٹی 20 ورلڈ کپ: سیمی فائنل میں ٹیموں کی رسائی اگر، مگر کی دلچسپ صورتحال سے دوچار

اشتہار

حیرت انگیز

ٹی 20 ورلڈ کپ اب اپنے اختتامی مرحلے کی جانب گامزن ہے سپر ایٹ مرحلے کے دونوں گروپوں میں ٹیموں کی سیمی فائنل میں رسائی اگر مگر کی دلچسپ صورتحال سے دوچار ہے۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جس کا سپر ایٹ مرحلہ شریک میزبان ویسٹ انڈیز میں جاری ہے۔ ابتدائی مرحلے میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا جیسی مضبوط ٹیموں کو باہر کرکے سپر ایٹ میں چھوٹی ٹیموں نے کوالیفائی کرکے سب کو حیران کیا اور اب افغانستان نے آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دے کر کینگروز کو مشکل میں ڈال دیا اور صورتحال کو اگر مگر کا شکار کر دیا۔

سپر ایٹ کے گروپ ون میں بھارت، آسٹریلیا، افغانستان اور بنگلہ دیش جب کہ گروپ ٹو میں جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نو آموز امریکا شامل ہے اور تمام ٹیمیں دو، دو میچز کھیل چکی ہیں اور صرف ایک ایک میچ باقی ہے۔

- Advertisement -

گروپس کی صورتحال یہ ہے کہ بھارت نے گروپ ون اور جنوبی افریقہ نے گروپ ٹو سے دو، دو میچز جیت کر ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہوئی ہے جب کہ گروپ ون سے آسٹریلیا اور افغانستان نے ایک، ایک میچ جیت رکھا ہے جب کہ بنگلہ دیش دونوں میچز ہار چکا ہے۔ گروپ ٹو میں ویسٹ انڈیز اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے ایک، ایک میچ میں فتح پائی ہے جب کہ امریکا ناکام رہا ہے تاہم اب تک آٹھوں ٹیمیں اگلے ناک آؤٹ مرحلے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کی امیدیں برقرار رکھی ہوئی ہیں۔

گروپ ون میں بھارت کے چار پوائنٹ ہیں۔ افغانستان اور آسٹریلیا کے دو، دو پوائنٹ جب کہ بنگلہ دیش کا کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔ اس گروپ سے آسٹریلیا نے اپنا اگلا میچ بھارت اور افغانستان نے اپنا اگلا میچ بنگلہ دیش سے کھیلنا ہے اور یہیں سے اگر مگر کی دلچسپ صورتحال شروع ہوتی ہے۔

اگر بھارت آسٹریلیا کو ہرا دیتا ہے اور افغانستان بنگلہ دیش کو شکست دے دیتا ہے تو پھر سابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا باہر اور افغانستان بھارت کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلے گا۔ تاہم اگر نتائج اس کے الٹ ہوتے ہیں تو پھر افغان ٹیم باہر جب کہ کینگروز اور بلو شرٹس ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ جائیں گے۔

لیکن اگر آسٹریلیا اگلے میچ میں بھارت کو زیر کر لیتا ہے اور افغانستان کے  ہاتھوں بنگلہ دیش کو شکست ہو جاتی ہے تو پھر بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان، تینوں ٹیموں کے چار چار پوائنٹس ہو جائیں گے اور فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا ٹاپ کی دو ٹیمیں سیمی فائنل  کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

تاہم اگر آسٹریلیا اور افغانستان دونوں اپنے اگلے میچز ہار جاتی ہیں تو بھارت سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا لیکن آسٹریلیا، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے دو، دو پوائنٹ ہو جائیں گے اور فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا جس ٹیم کا رن ریٹ زیادہ ہوگا وہ سیمی فائنل اور باقی دو ٹیمیں خالی ہاتھ اپنے واطن واپس جائیں گی۔

کچھ ایسی ہی اگر، مگر کی صورتحال گروپ ٹو میں بھی ہے جہاں جنوبی افریقہ کے چار پوائنٹس، دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور میزبان ویسٹ انڈیز کے دو، دو پوائنٹ اور نو آموز مگر ابتدائی راؤنڈ میں اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کرنے والی امریکا کوئی پوائنٹ نہیں رکھتی۔

ویسٹ انڈیز کو اپنا اگلا میچ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کو امریکا کے ساتھ کھیلنا ہے۔ اگر ویسٹ انڈیز ہارتی اور انگلینڈ اپنا اگلا میچ جیت جاتی ہے تو پھر جنوبی افریقہ اور انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔ میچز کے نتائج الٹ ہونے پر دفاعی چیمپئن خالی ہاتھ میگا ایونٹ سے باہر جب کہ میزبان ویسٹ انڈیز کے ساتھ پروٹیز اگلے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ جائیں گے۔

اگر انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز دونوں اپنے اگلے میچز ہار جاتی ہیں تو جنوبی افریقہ تو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا لیکن انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور امریکا کی ٹیموں کے دو، دو پوائنٹ ہو جائیں گے اور فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا جس ٹیم کا رن ریٹ زیادہ ہوگا وہ سیمی فائنل اور باقی دو ٹیمیں خالی ہاتھ اپنے واطن واپس جائیں گی۔

لیکن اگر ویسٹ انڈیز اگلے میچ میں جنوبی افریقہ کو ہرا دیتا ہے اور انگلینڈ کے ہاتھوں امریکا زیر ہوتا ہے تو پھر جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے چار چار پوائنٹس ہو جائیں گے اور رن ریٹ کی بنیاد پر ٹاپ کی دو ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ جائیں گی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8: افغانستان نے آسٹریلیا کو ہرا کر کینگروز کو مشکل میں ڈال دیا

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں