بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

ٹی 20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے آخری میچ میں افغانستان کو روند ڈالا

اشتہار

حیرت انگیز

ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ کے آخری میچ میں میزبان ملک ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 104 رنز کے بھاری مارجن سے روند ڈالا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا 40 واں اور پہلے مرحلے کا آخری میچ میزبان ملک ویسٹ انڈیز اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو ویسٹ انڈیز نے 104 رنز کے بھاری مارجن سے اپنے نام کر لیا تاہم میچ کے نتیجے کا اگلے مرحلے پر کوئی اثر نہیں پڑا کیونکہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹر نکولس پوران نے 53 گیندوں پر 98 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی تاہم بدقسمتی سے وہ دو رنز کی کمی سے رواں میگا ایونٹ کی پہلی سنچری اسکور نہ کر سکے۔

- Advertisement -

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جانسن چارلس 43 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ افغانستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر گلبدین نائب رہے جنہوں ںے 4 اوور کے کوٹے میں 14 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ سب سے مہنگے بولر عظمت اللہ قمر زئی رہے جنہوں نے 2 اوورز میں 41 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ کپتان راشد خان بھی 45 رنز دینے کے باوجود وکٹ سے محروم رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 219 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 17 ویں اوور میں 114 رنز پر میدان بدر ہوگئی۔

 

ابراہیم زردان 38 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوبید میکوئے نے 3، گداکیش اور اکیل حسین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈین بیٹر نکولس پوران کو 98 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا اگلا مرحلہ سپر ایٹ کل سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہو رہا ہے جس کے لیے امریکا میں ابتدائی راؤنڈز کے میچز کھیلنے والی اور سپر ایٹ میں کوالیفائی کرنے والے ٹیمیں کیربیئن سر زمین پر پہنچ گئی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں