اسلام آباد: پاکستان متحدہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ حکومت اور فضل الرحمان مذاکرات سے مسائل حل کریں۔
تفصیلات کے مطابق علامہ طاہر اشرفی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کا الزام لگانے والے الیکشن کمیشن سے رجوع کریں، دھاندلی کی شکایات کے ازالے کے لیے اصلاحات کی جائیں۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ کرتارپور راہداری پر غلط فہمیاں نہ پھیلائی جائیں جبکہ محمود خان اچکزئی کو جے یو آئی امیدوار نے ہرایا اس میں کیا دھاندلی ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنا انداز بیان تبدیل کریں، مذہب اور صحت کے نام پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کو جانا پڑے گا، استعفے کے علاوہ کچھ اور نہیں چلے گا، اکرم درانی
واضح رہے کہ اس سے قبل رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جانا پڑے گا، استعفے کے علاوہ کچھ اور نہیں چلے گا۔
گذشتہ روز رہبر کمیٹی اجلاس کے بعد اکرم درانی نے میڈیا بریفنگ میں کہا تھا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں آزادی مارچ کو جاری رکھنے پر متفق ہیں حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں ، آزادی مارچ کے حوالے سے جلد سرپرائز دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دباؤ بڑھانے کے لئے زیر مختلف تجاویز کا اعلان مولانا فضل الرحمان مناسب وقت پر کریں گے، رہبر کمیٹی تاحال اپنے مطالبات پر ڈٹی ہوئی ہے۔