اسلام آباد : معاون خصوصی طاہراشرفی نے قیدیوں کی رہائی پر شاہ سلمان اور سعودی ولی عہدامیرمحمدبن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کی کوششوں سے عرب ممالک سےقیدی رہا ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی طاہراشرفی کی جانب سے بیان میں کہاگیا ہے کہ وزیراعظم کی کوششوں سے عرب ممالک سے قیدی رہا ہو رہے ہیں، شاہ سلمان اور سعودی ولی عہدامیرمحمدبن سلمان کے شکر گزار ہیں۔
طاہراشرفی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیلئےہرسہولتیں پیداکرناچاہتی ہے، پاکستان تمام مسلم ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، عرب پارلیمنٹ کیساتھ تمام شعبوں میں تعلقات میں استحکام آئے گا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد میں ہی امت کی بقا ہے، سلامتی کے ادارے ،فوج ، قوم اور علما نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، 80ہزار لوگوں کی قربانیاں دی مگر ہم نے اپنے دین کو نہیں چھوڑا۔
یاد رہے آج صبح سعودی عرب میں سزا پانے والے 28قیدی رہا ہوکر وطن واپس پہنچے تھے، سعودی عرب سے19قیدی سرکاری خرچ پر جبکہ9ذاتی خرچ پر وطن واپس پہنچے،رہائی پانے والوں میں سے7 قیدیوں کا تعلق ضلع مہمند سے ہے۔