لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے عید الفطر کے موقع پرقوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید پرمحروموں اورمسکینوں کوخوشیوں میں شریک کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے لاہور میں نمازعید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج امت مسلمہ، پاکستانی قوم کے لیے سعادت والا دن ہے۔
ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ دعا ہے آج کا دن پاکستان کے لیے باعث برکت ہو، دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کومشکلات سے نکالے اورامن دے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشنزکیے جبکہ سیاسی، نظریاتی سطح پردہشت گردی کے خاتمے کے لیے کام نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشنزسے عارضی طورپردہشت گردی ختم ہوتی ہے، انتہا پسندی، دہشت گردی کے خلاف قوم مؤثر کردار ادا کرے۔
ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ حکومتی سطح پرملک سے دہشت گردی ختم کرنے کے لیے کوئی کام نہیں ہوا، امن پرمشتمل نصاب رائج دینےکی ضرورت تھی۔
ملک بھرمیں آج عید الفطرمذہبی جوش وجذبےسےمنائی جارہی ہے
واضح رہے کہ ملک بھر میں عیدالفطرمذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اس موقع پر ملکی سلامتی اور استحکام کےلیے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں