لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی اداروں کے خلاف مہم جوئی دشمنوں کا ایجنڈا ہے، نواز شریف سیکیورٹی رسک ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک سینٹرل کور کمیٹی اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ طاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف صرف اس ووٹ کو معزز سمجھتے ہیں جو انہیں ملے، ان کے پاس جیل جانے یا آرٹیکل 45 کے پیچھے چھپنے کے سوا راستہ نہیں۔
سربراہ منہاج القرآن نے کہا کہ قومی ادارے کی نجکاری کی اجازت موجودہ حکومت کو نہیں ہونی چاہئے، ن لیگ کے دور حکومت میں سب کچھ گروی رکھ دیا گیا۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پی آئی اے خسارے میں جارہی ہے تو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے میں ناکام کیوں ہیں؟
مزید پڑھیں: نواز شریف غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر مہم جوئی کر رہے ہیں، طاہر القادری
واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ نواز شریف غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر مہم جوئی کررہے ہیں، وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بھی منصوبہ ساز ہیں، انہیں لوٹ مار، قتل و غارت گری کا حساب دینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی عدلیہ سے متعلق ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہیں، ضمیر اور ووٹ کے تقدس جیسے الفاظ ان کے منہ پر نہیں جچتے، قاتل اور کرپٹ اشرافیہ کو کڑی سزائیں نہ ملیں تو پھر ملک کا اللہ حافظ ہے۔