جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

سانحہ ماڈل ٹاؤن، ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں، طاہر القادری

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں، شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں تاریخ کا بدترین قتل عام کرایا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کا حکم آیا ہے، ہائیکورٹ کے معزز جج کو جرات مندانہ فیصلہ دہنے پر مبارکباد دیتا ہوں، ہائیکورٹ نے انصاف کی مضبوطی کی طرف مثبت قدم بڑھایا ہے، ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف کی امید دکھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قانون کا ہر دروازہ کھٹکھٹایا, سوا تین سال تک انتظار کیا، انصاف میں تاخیر کے باوجود ہم نے عدالتوں کا مکمل احترام کیا،  لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ قاتلوں اور ظالموں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا تھا ذمہ دار ٹھہرا تو استعفیٰ دوں گا

طاہر القادری نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا میں ذمہ دار ٹھہرا تو استعفیٰ دوں گا، شہباز شریف نے کہا تھا جوڈیشل کمیٹی جسے ذمہ دار ٹھہرائے گی سزا دیں گے ، وزیر اعلیٰ پنجاب آپ قاتل نہیں تو رپورٹ پبلک کردیں، شہباز شریف قاتل نہیں تو کیا باقی قاتلوں کو تحفظ دے رہے ہیں۔

نواز شریف سمیت ن لیگ نے عدالت کی توہین کے ریکارڈ توڑ ڈالے

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو نااہل کیا گیا تو عدالت عظمیٰ کی توہین کی جارہی ہے، نواز شریف سمیت ن لیگ نے عدالت کی توہین کے ریکارڈ توڑ ڈالے، ایک کیس میں نااہل کیا گیا تو پاکستان کی سالمیت پر حملے شروع کردئیے، پتا چل گیا کہ نواز شریف کی وفاداری پاکستان سے کیا تھی۔

آج یتیموں کی آہ اور مظلوموں کی پکار سنی گئی

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14 سے زائد افراد شہید ہوئے تھے، سانحے کے بعض متاثرین پر دباؤ ڈالا گیا اور انہیں خوف زدہ کیا گیا، ہمارے ریکارڈ میں 27 افراد شہید ہوئے تھے، آج یتیموں کی آہ اور مظلوموں کی پکار سنی گئی ہے۔

میڈیا کا مشکور ہوں کیونکہ اس ظلم کے خلاف کھڑے ہوئے

انہوں نے کہا کہ میڈیا کا مشکور ہوں کیونکہ اس ظلم کے خلاف کھڑے ہوئے، میڈیا اگر حقائق نہ بتاتا تو شاید آج ہمیں قاتل بنا کر پیش کیا جارہا ہوتا، میڈیا نے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردیا، ہم پر شریف برادران ان کی بادشاہت کے کارندوں نے الزامات لگائے۔

انصاف مل رہا ہے تو احتجاج کی طرف نہیں جائیں گے

سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ انصاف مل رہا ہے تو احتجاج کی طرف نہیں جائیں گے، قانون اور عدالتوں کے ذریعے انصاف چاہیں گے، انٹرا کورٹ اپیل میں جائیں گے تو بھی وکیل کریں گے، کیس لڑیں گے، شہیدوں کے خون کا حساب لینے کے لیے میرے پاس جو کچھ ہے قربان کروں گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں