لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ نواز شریف الیکشن کے بجائے لوٹ مار کا حساب دینے کی فکر کریں، شریف خاندان کا ٹھکانہ جیل، مقدر ذلت و رسوائی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وکلاء کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا، طاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف لکھی تقریر پڑھ کر کس کو دھوکا دینے کی کوشش کررہے ہیں، نواز شریف ذہن نشین کرلیں اللہ نے ان کی دراز رسی کھینچ لی ہے۔
سربراہ منہاج القرآن نے کہا ہے کہ نواز شریف انتشار پھیلا کر فیصلوں اور سزاؤں سے بچنا چاہتے ہیں، نااہل انتخابی میدان سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کی اداروں کے خلاف مہم جوئی دشمنوں کا ایجنڈا ہے، طاہر القادری
واضح رہے کہ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی عدلیہ کے خلاف مہم جوئی دشمنوں کا ایجنڈا ہے جبکہ وہ سیکیورٹی رسک ہیں، نواز شریف کے پاس جیل جانے یا آرٹیکل 45 کے پیچھے چھپنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، شہباز شریف نواز شریف سے بڑے فراڈیہ ہیں، دونوں بھائی اداروں، عوام کو دھوکا دینے کی کوشش کررہے ہیں، ایک اداروں کو گالیاں دیتا ہے تو دوسرا ہاتھ جوڑنے کی ڈرامہ بازی کررہا ہے۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ماڈل ٹاؤن قتل عام کے براہ راست ذمہ دار ہیں، وہ 14 افراد کے قتل کے جرم میں پھانسی چڑھیں گے، مسلم لیگ ن کی جانب سے اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا مشورہ لوٹ مار بچانے کی کوشش ہے، سزاؤں سے بچنے کی خوشامدانہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔