لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ اعتماد کا خون کرنے والوں کی نا اہلی کافی نہیں ہے، انھیں جیل بھیجا جائے۔
منہاج القرآن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عدالت کی طرف سے نا اہلی کا فیصلہ جرأت مندانہ اور آئین کے مطابق ہے، آرٹیکل 62 اور63 کا شعور دینے کے ثمرات سامنے آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نااہل اورجھوٹے وزیر سے پانچ سال کی مراعات جرمانے سمیت واپس لی جائیں۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیرِخارجہ خواجہ محمد آصف کو تاحیات نا اہل قراردے دیا ہے۔
انھوں نے مسلم لیگ ن کی حمایت کرنے والوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، کہا کہ جس جماعت کا سربراہ کرپٹ ہو، اس کے حواری کیسے ایمان دار ہوسکتے ہیں۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ یہ جھوٹے اور نا اہل ہی نہیں، بے گناہ شہریوں کے قاتل بھی ہیں، عوام نا اہل، کرپٹ اور قاتل ٹولے کا سیاسی بائیکاٹ کرے۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ ووٹ کو عزت دینے کا ناٹک کرنے والے نے ملک کوعزت کیوں نہیں دی۔
شریف خاندان کا ٹھکانہ جیل، مقدر ذلت و رسوائی ہے، طاہر القادری
خیال رہے کہ طاہر القادری تواتر کے ساتھ کہتے آرہے ہیں کہ نواز شریف کا ٹھکانہ بھی جیل ہے، ان کا دعویٰ ہے کہ شہباز شریف ماڈل ٹاؤن قتل عام کے براہ راست ذمہ دار ہیں، وہ 14 افراد کے قتل کے جرم میں پھانسی چڑھیں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔