موٹر وے پولیس موٹر ویز کے قریب گندم باقیات کو آگ لگانے والے کاشتکاروں اور دیگر افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق موٹر وے پولیس نے گندم کی باقیات کو آگ لگانے کے خلاف آگاہی مہم شروع کی ہے اور اس حوالے سے زونل کمانڈر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موٹر ویز کے قریب گندم کی باقیات کو آگ لگانا خطرناک ہو سکتا ہے۔
ڈی آئی جی مسرور عالم کلاچی نے کہا کہ موٹر وے کے قریب فصل کی باقیات کو آگ لگانے سے اس سے پھیلنے والے دھوئیں کی وجہ سے ڈرائیورز کے دیکھنے کی صلاحیت محدود ہو سکتی ہے، جو سنگین حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ موٹر وے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور فصل کی باقیات کو آگ لگانے سے گریز کریں۔
ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ موٹر وے کے قریب گندم باقیات کو آگ لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی سال سے گندم کی فصل کی باقیات کو کسانوں کی جانب سے آگ لگائے جانے کے باعث بالخصوص پنجاب میں اسموگ کی صورت میں ماحولیاتی آلودگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ہر سال اسموگ کی بڑھتی شرح سے عوام الناس میں مختلف بیماریاں بالخصوص سانس، سینے اور پھیپھڑوں کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔