کراچی: شہر قائد میں نوسرباز لٹیروں نے غریب رکشہ ڈرائیور کو بھی نہ چھوڑا، اور دھوکا دے کر اس سے رکشہ لے اڑے، رکشہ چوری کرنے والوں اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں یومیہ اجرت کمانے والے رکشہ ڈرائیورز بھی اسٹریٹ کرمنلز کے نشانے پر آ گئے ہیں، کراچی کے علاقے کیماڑی گیٹ نمبر1 سے رکشہ چوری کی واردات ہوئی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے رکشہ چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز میں نوسربازوں کو رکشہ چوری کر کے لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے، چور نے تاروں کو ملا کر رکشے کو اسٹارٹ کیا تھا۔ علاقے میں چور کے آنے جانے کی نقل و حرکت سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھی جا سکتی ہے۔
ایف آئی آر رکشے کے مالک رضوان خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس کے مطابق یہ واقعہ 8 مارچ کو رکشہ ڈرائیور شاہد کے ساتھ پیش آیا۔
ڈرائیور کا کہنا تھا کہ اس نے ٹاور سے ایک سواری کو بٹھایا جو اسے کیماڑی نمبر ایک لے آیا، پھر وہ وہاں سے اترا اور کہا کہ میں ابھی آتا ہوں، کچھ دیر بعد وہ موٹر سائیکل پر آیا اور اس کے ساتھ ایک بچہ بھی تھا۔
وزیرستان کے شہری کا قتل، فوٹیج سامنے آ گئی (بچے ویڈیو نہ دیکھیں)
ڈرائیور کے مطابق سواری نے بچے کو رکشہ میں بٹھا کر کہا کہ میں اس کے ساتھ کچھ دیر آئل ایریا میں جاؤں، میں اس کے ساتھ موٹر سائیکل پر گیا تو وہاں وہ دھوکے سے مجھے چھوڑ کر غائب ہو گیا۔
ڈرائیور کا کہنا تھا کہ کچھ دیر بعد جب وہ رکشے کے پاس آیا تو وہ غائب تھا، جس پر اس نے مالک کو فون کر دیا۔