اتوار, اپریل 20, 2025
اشتہار

حکومت کا غیر ملکی فوڈ چین پر حملہ آور افراد سے دہشتگردوں کی طرح نمٹنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

فیصل آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ غیر ملکی فوڈ چین پر حملے قابل مذمت ہیں، ایسے واقعات میں ملوث افراد سے دہشتگردوں کی طرح نمٹا جائے گا۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ایک ہفتے سے غیر ملکی فوڈ چین پر حملے کیے جا رہے ہیں، باہر سے آئے لوگوں کے تحفظ کا فرض ملک کی ریاست کا ہے، فوڈ چین پر حملے سے شیخوپورہ کا رہائشی جان سے گیا، ریاست اپنے فرائض سے غافل نہیں ہے، کسی کے کاروبار کے خلاف نفرت پھیلانا درست نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’اسرائیل کا اقتصادی بائیکاٹ جائز مگر پاکستان میں فوڈ چین پر حملے حرام ہیں‘

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ لوگ کسی تحقیق کے بغیر اس کا حصہ بن جاتے ہیں، کاروبار پر حملہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، 20 کے قریب پورے شہر میں ہر جگہ پر حملے کیے گئے، اسلام آباد میں دو واقعات ہوئے 15 لوگوں کو گرفتار کیا، گرفتار افراد معافی تلافی کرتے رہے اپنے کیے پر شرمندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ چین نے 100 ملین ڈالر سے زائد پاکستان میں انویسٹ کیے، کیا جواز رہ جاتا ہے کہ آپ ریاست کے ہوتے ہوئے حملہ آور ہوں؟ یہ نہیں ہو سکتا جو پاکستان میں سرمایہ کاری لائے ان پر کوئی حملہ آور ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے نوٹس لینے کے بعد ملک میں کہیں فوڈ چین پر حملہ نہیں ہوا، تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے اپنے آپ کو ان واقعات سے الگ کیا، پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری کی حفاظت ہمارا فرض ہے، کسی سرمایہ کار کو یہ شکایت نہیں ہوگی کہ اس کو سکیورٹی نہیں ملی۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ایسے واقعات میں ملوث افراد سے دہشتگردوں کی طرح نمٹا جائے گا، کوئی مذہبی جماعت منظم طور پر فوڈ چین پر حملوں میں ملوث نہیں، غیر ملکی فوڈ چین والے 100 فیصد ٹیکس دیتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ فلسطین سے متعلق پاکستان کا مؤقف واضح ہے، فلسطین کے طلبہ پاکستان میں آ کر تعلیم حاصل کر رہے ہیں، پاکستان ذمہ دار ملک ہے فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں