جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

کے پی حکومت 11 کروڑ روپے کے بسکٹ کھا گئی، طلال چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ کے پی حکومت 11 کروڑ روپے کے بسکٹ کھا گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگی رہنما طلال چوہدری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سارا پیسہ کرپشن کی نذر ہوگیا، کے پی کے پیسے کہاں جاتے ہیں کہاں خرچ ہوتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ انہیں پارلیمانی روایات کا تو خیال ہی نہیں، کارکردگی حکومتی ہو یا پارلیمانی آپ کے پاس دکھانے کو کچھ نہیں ہے، اپوزیشن بھی پارلیمنٹ کا اتنا ہی حصہ ہے جیسے حکومت ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن تو بجٹ کے دنوں میں حق نمائندگی ادا کرتی ہیں، حق نمائندگی گالی، دھکم پیل، گریبان پکڑنے سے ادا نہیں ہوتا، آپ کے پاس کارکردگی تو ہے نہیں کے پی میں کیا ترقی ہوئی، گورننس دیکھنی ہے تو سوات کے واقعے کو دیکھ لیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں پورا خاندان تڑپتا رہا، آوازیں دیتا رہا کوئی مدد کو نہ آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگیا ہوں، جب پی ٹی آئی حکومت تھی پرویز الٰہی اسپیکر تھے چار سال بغیر کمیٹیوں کے چلائی گئی جس کے بغیر اسمبلی مکمل نہیں ہوتی۔

طلال چوہدری کے مطابق انہوں نے اسٹینڈنگ کمیٹی اس لیے نہیں بنائی تھی کیونکہ اپوزیشن کو حصہ دینا پڑے گا، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کو بولنے کے لیے 68 فیصد وقت دیا اور حکومت کو 32 فیصد وقت ملا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں