اسلام آباد: ینگسٹرز بینڈ کے گلوکار طلحہٰ انجم کنسرٹ کے دوران مداح کی بدتمیزی کرنے پر غصے میں آگئے۔
ہپ ہاپ بینڈ ینگسٹر کے گلوکار طلحہٰ انجم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں کنسرٹ میں موجود مداح پر برہمی کا اظہار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
طلحہٰ انجم ویڈیو میں بدتمیزی کرنے والے مداح سے کہہ رہے ہیں کہ سب کچھ بہت اچھا چل رہا تھا تم نے میرا موڈ بہت خراب کردیا۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ اگر تمہیں کچھ کرنا ہے تو پیچھے سے نہیں اسٹیج پر آکر کرو، یہاں میں تم سے سیکیورٹی کے بغیر بھی نمٹ سکتا ہوں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین جہاں گلوکار کی حمایت کررہے ہیں وہیں ان کے غصہ کرنے پر کچھ صارفین خفا بھی نظر آئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کے کنسرٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس میں گلوکارہ نے کہا کہ بدتمیزی کرو گے تو میں چلی جاؤں گی۔
ویڈیو میں آئمہ بیگ ایک شخص کو اسٹیج سے پیچھے ہٹانے کا کہہ رہی ہیں اور کنسرٹ میں شریک مداحوں سے بھی اسے پیچھے ہٹانے کا مطالبہ کررہی ہیں۔
آئمہ کی ناراضی کے بعد کانسرٹ میں موجود ان کے مداحوں نے ’سوری‘ کے نعرے لگائے جس پر گلوکارہ کا کہنا تھا کہ میں آپ کے لیے آئی ہوں تو پرفارم کرکے جاؤں گی۔