کراچی: معروف شہید قوال کے بھائی طلحہ صابری نے کہا کہ اس سے قبل بھی بھائی کے قاتلوں کی گرفتاری کا متعدد بار اعلان ہوچکا ہے تاہم اصل لوگوں کی گرفتاری سے متعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔
اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آر میں وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طلحہ صابری کا کہنا تھا کہ ہر بار قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے خبریں میڈیا کے توسط سے ہی موصول ہوئیں تاہم اس ضمن میں حکومت یا کسی ادارے نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اصل قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ اس سے قبل بھی متعدد افراد کو گرفتار کر کے اصل ملزم ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ طلحٰہ صابری نے کہا ’’بھائی کے قتل میں ملوث اصل ملزمان کو سامنے لایا جائے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ اصل قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے ابھی کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے تاہم ہمارا مطالبہ ہے کہ جو بھی اس میں ملوث ہے اُسے سرعام پھانسی دی جائے تاکہ آئند کوئی بھی کسی بے گناہ شخص کو قتل کرنے کی ہمت نہ کرے۔
لیاقت آباد سے قاتلوں کی گرفتاری پر طلحہ صابری نےکہا کہ ’’ہمارے گھر کا دروازہ ہروقت کھلا رہتا ہے، ہمیں بھی بتایا جائے کہ ایسے کون لوگ ہیں جو ہمارے علاقے کے رہائشی تھے‘‘۔
یاد رہے معروف قوال کو رواں سال جون میں لیاقت آباد 10 نمبر کے قریب فائرنگ کر کے شہید کیا گیا تھا، جس کے بعد متعدد بار قاتلوں کی گرفتاری کی خبریں سامنے بھی آتی رہیں تاہم کسی ملزم کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ نے امجد صابری کے اصل قاتلوں کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ گرفتار ملزمان شہر کراچی میں دہشت گردی کی 28 سے زائد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔