بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

طالبان نے خواتین کے گانے، سرعام بلند آواز سے پڑھنے پر پابندی لگا دی، نیا سخت قانون جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کابل: افغانستان کی طالبان حکومت نے خواتین کی آوازوں پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا، اور خواتین کے سرعام گانے، بلند آواز سے پڑھنے پر پابندی لگا دی، قوانین کو باضابطہ طور پر نافذ کر دیا گیا۔

افغانستان کے حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ یہ قوانین سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخونزادہ کی منظوری کے بعد بدھ کو جاری کیے گئے ہیں، اور ان میں روزمرہ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں جیسا کہ عوامی نقل و حمل، موسیقی، داڑھی مونڈنے اور تقریبات کے حوالے سے معاملات کا احاطہ کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے متعارف کرائے گئے قوانین میں خواتین کی سرگرمیوں کو خاص طور پر فوکس کیا گیا ہے، نئے قوانین کے مطابق خواتین گھر سے باہر نکلتے وقت شرعی اصولوں کے مطابق مکمل حجاب لیں گی۔

پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین تنہا سفر نہیں کر سکتیں، ڈرائیورز کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ گاڑیوں میں گانے نہ بجائیں اور تنہا خواتین کو نہ بٹھائیں، خواتین کو غیر متعلقہ مردوں اور مردوں کو غیر متعلقہ خواتین سے میل جول سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

نئے قواعد کی خلاف ورزی پر انتباہ جاری کیا گیا ہے جس میں عذابِ الٰہی سے ڈرانے، زبانی دھمکی دینے، جائیداد ضبط کرنے اور ایک گھنٹے سے لے کر 3 دن تک جیل میں رکھنے کی سزا دی جا سکتی ہے۔

اقوامِ متحدہ نے افغانستان میں نئے، سخت تر قوانین کے نفاذ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے قوانین سے افغانستان میں لڑکیوں اور خواتین کے لیے خوف کا ماحول پیدا ہوگا۔

آرٹیکل 13

نئے قوانین میں آرٹیکل 13 خواتین سے متعلق ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عورت کے لیے ہر وقت عوامی مقامات پر اپنے پورے جسم کو ڈھانپے رکھنا لازمی ہے اور یہ کہ فتنہ اور فتنہ سے بچنے کے لیے چہرے کو ڈھانپنا ضروری ہے۔ لباس باریک، تنگ یا چھوٹا نہیں ہونا چاہیے۔

قانون کے مطابق عورتوں پر فرض ہے کہ وہ اپنے آپ کو غیر مسلم مردوں اور عورتوں کے سامنے بھی ڈھانپیں تاکہ بدکاری سے بچ سکیں۔ عورت کی آواز کو رغبت کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے اس لیے اسے عوام میں گاتے، تلاوت کرتے یا بلند آواز میں پڑھتے ہوئے نہیں سنا جانا چاہیے۔ عورتوں کے لیے ان مردوں کی طرف دیکھنا بھی حرام ہے جن سے ان کا تعلق خون یا نکاح سے نہ ہو۔

وزارت کے ترجمان مولوی عبدالغفار فاروق نے جمعرات کو نئے قوانین کے بارے میں کہا ’’انشاء اللہ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ اسلامی قانون نیکی کے فروغ اور برائی کے خاتمے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔‘‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں