کابل: افغانستان میں طالبان حکومت نے بھی روس سے سستا تیل اور گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کی وزارت تجارت کے ترجمان حبیب الرحمان حبیب کا کہنا ہے کہ افغان وزارت تجارت کا وفد روسی دارالحکومت ماسکو میں موجود ہے، جہاں ان کی روس سے تیل اور بینزین خریدنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ پیٹرول اور بینزین کی خریداری کے لیے معاہدے کی شرائط پر تقریباً اتفاق ہوچکا ہے، معاہدے کے متن پر کام کیا جارہا ہے جس کے بعد معاہدے جلد طے پاجائے گا۔
طالبان حکومت کے وزارت صنعت وتجارت نے کہا کہ روس کے ساتھ تیل کے علاوہ گندم اور گیس کی خریدری کے لیے بھی بات چیت جاری ہے۔
ترجمان نے کہا کہ معاہدے کی تکمیل کے بعد میڈیا کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب روسی وزارت خارجہ اور توانائی کی جانب سے اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔