کابل: طالبان حکومت نے ملک کے 3 بڑے ائیرپورٹس چلانے کیلئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی کمپنی سے معاہدہ کرلیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان طالبان کی حکومت اور یو اے ای کی کمپنی’’جی اے اے سی‘‘کے درمیان معاہدہ کی تقریب کابل میں ہوئی، جس میں طالبان کے نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر، وزیر ٹرانسپورٹ حمید اللہ اخوندزادہ، افغان ایوی ایشن حکام اور’’جی اے اے سی‘‘کے حکام موجود تھے۔
معاہدے کے مطابق جی اے اے سی فغانستان کے 3 ائرپورٹس کابل، قندھار اور ہرات پر گراؤنڈ ہینڈلنگ کی خدمات فراہم کرے گی۔
متحدہ عرب امارات کی کمپنی ’’ جی اے اے سی‘‘ کے علاقائی ڈائریکٹر نے کہا کہ ہمارے لیے یہ نہیں بات نہیں کیوں کہ نومبر 2020 سے ہم کابل ہوائی اڈے پر خدمات فراہم کر رہے ہیں اور اگست میں جب آخری پروازیں جا رہی تھیں، کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: طالبان نے ملکی ائیرپورٹ چلانے کیلئے کس ملک سے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کرلیا؟
خیال رہے کہ طالبان حکومت کی جانب سے ملک کے ائرپورٹس کو آپریشنل کرنے کے لیے قطر، ترکی اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ کئی ماہ سے بات چیت جاری تھی۔
ملکی ائیرپورٹ قطر کے حوالے کرنے کیلئے دوحہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں دونوں طرف سے ائیرپورٹ سیکیورٹی کے حوالے سے ڈیڈلاک برقرار تھا، جس کے باعث قطر کے ساتھ مذاکرات تعطل کا شکار رہے اور دونوں کے درمیان معاہدہ نہ ہوسکا، دوحہ کی جانب سے شرط عائد کی گئی تھی کہ ائیرپورٹ کی سیکیورٹی قطری حکام کے پاس رہے گی۔