اسلام آباد: وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اس ہفتے اتحادیوں سے مذاکرات شروع ہوجائیں گے، اتحادیوں سے مذاکرات کے پہلے سے طے شدہ طریقہ کار پر بات ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اتحادیوں سے مذاکرات کے لیے بننے والی کمیٹیوں کا اہم اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں صدر چیمبر میں ہوا، وزیر دفاع پرویز خٹک نے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری سرور، گورنر سندھ عمران اسماعیل ،ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، شفقت محمود، اسد عمر بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اتحادیوں کے مطالبات، عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم نے اتحادیوں سے مذاکرات کے لیے 3 مختلف کمیٹیاں بنائی تھیں، ق لیگ سمیت دیگر اتحادیوں نے کمیٹیوں پر تحفظات کا بھی اظہار کیا تھا۔
حکومتی مذاکراتی کمیٹیوں کے سربراہ پرویز خٹک نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے اتحادیوں سے مذاکرات کا لائحہ عمل طے کیا ہے، اس ہفتے اتحادیوں سے مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اتحادیوں سےمذاکرات کے پہلے سے طےشدہ طریقہ کار پربات ہوگی، نئی کمیٹیوں کاقیام وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ ہے، ہماری کوشش ہوگی معاملات ہفتہ دس دن میں طے ہوجائیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیاجہانگیر ترین کو دوبارہ کمیٹیوں میں شامل کیا جائےگا؟ جس پر پرویز خٹک نے جواب دیا کہ یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے کرنا ہے، جہانگیرترین خود بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔