ممبئی: ساؤتھ انڈین اداکارہ تمنا بھاٹیہ بالی وڈ سُپر اسٹارز اجے دیوگن اور سنجے دت کی آئندہ آنے والی ایکشن فلم ’رینجر‘ کا حصہ بن گئیں۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تمنا بھاٹیہ فلم ’مشن منگل‘ کے ڈائریکٹر جگن شکتی کی اگلی فلم ’رینجر‘ میں اجے دیوگن اور سنجے دت کے ساتھ جلوہ گر ہونے جا رہی ہیں۔
’رینجر‘ اور اس کے کرداروں سے متعلق بہت سی ایسی تفصیلات ہیں جو منظر عام پر آنا باقی ہیں، تاہم رپورٹس ہیں کہ جگن شکتی نے تمنا بھاٹیہ کو بطور ہیروئن کاسٹ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تمنا بھاٹیہ اپریل کے پہلے ہفتے سے سیٹ پر شوٹنگ کا آغاز کریں گی، وہ اس پروجیکٹ میں شامل ہونے کے حوالے سے کافی پُرجوش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیا تمنا بھاٹیہ اور وجے ورما پھر سے ایک ہوگئے؟
ساؤتھ انڈین اداکارہ ٹیم کے ساتھ کام شروع کرنے کیلیے بے تاب ہیں، وہ نے جگن شکتی کے ساتھ اسکرپٹ پڑھنے کے متعدد سیشنز بھی کر چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق رواں سال فلم کی شوٹنگ کیلیے متعدد شیڈولز تیار کیے گئے ہیں، فلمساز کی کوشش ہے کہ اسے 2026 تک سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کیا جائے۔
یہ ایک بڑے بجٹ کی فلم ہے، اجے دیوگن بھی جنگل میں مہم جوئی کی جگہ کو تلاش کرنے کیلیے کام کر رہے ہیں، ہندی سنیما کیلیے نئے ویژولز کے ساتھ یہ ایک ایڈونچر سے بھرپور پروجیکٹ ہے۔
فلم میں سنجے دت کو اجے دیوگن کے مخالف کے طور پر کاسٹ کیا گیا ہے اور دونوں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوگا۔ چونکہ یہ فلم جنگلات کے پس منظر میں بنائی گئی ہے اس لیے ٹیم دونوں اداکاروں کیلیے خصوصی لُوکس تیار کر رہی ہے۔
یہ سنجے دت اور اجے دیوگن کے درمیان پہلی فلم نہیں ہوگی بلکہ دونوں اس سے قبل بھی متعدد فلموں کیلیے اسکرین شیئر کر چکے ہیں۔