ممبئی: معروف ساؤتھ انڈین اداکارہ تمنا بھاٹیہ اور نامور اداکار وجے ورما ہولی کا جشن منانے کیلیے بالی وڈ اسٹار روینہ ٹنڈن کے گھر پہنچ گئے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تمنا بھاٹیہ اور وجے ورما کی ایک ہی مقام پر آمد ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جوڑے کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
دونوں روینہ ٹنڈن کی بیٹی راشا تھدانی کے ساتھ ہولی کا جشن منانے پہنچے جس سے ان کی گہری دوستی ہے۔
وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تمنا بھاٹیہ خوشگوار موڈ میں راشا تھدانی کی رہائش گاہ پہنچ رہی ہیں، انہوں نے فوٹوگرافر حضرات کو ہولی کی مبارکباد دی۔
یہ بھی پڑھیں: تمنا بھاٹیہ اور وجے ورما کے درمیان بریک اپ کی حیران کن وجہ سامنے آگئی
کچھ دیر بعد وجے ورما بھی روینہ ٹنڈن کی رہائش گاہ پہنچے، انہوں نے اندر جانے سے قبل پاپرازیوں کو ہولی کی مبارکباد دی۔
دونوں کا ایک مقام پر جمع ہونا ان قیاس آرائیوں کو ہوا دے رہا ہے کہ سابق جوڑے کے درمیان تعلقات بحال ہو سکتے ہیں۔
جنوری میں تمنا بھاٹیہ اور وجے ورما کو راشا تھدانی کی بالی وڈ کی ڈیبیو فلم ’آزاد‘ کی اسکریننگ میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ جبکہ دونوں نئے سال 2025 سے کچھ دن پہلے منیش ملہوترا کی رہائش گاہ پر ایک ساتھ نظر آئے تھے۔
انہوں نے 2022 میں ایک دوسرے سے تعلقات میں ہونے کی تصدیق کی تھی، انہیں پہلی بار بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں دیکھا گیا تھا۔