ممبئی: فلم ’لسٹ اسٹوریز 2‘ میں مرکزی کردار نبھانے والی معروف اداکارہ تمنا بھاٹیہ شادی سے متعلق سوال پوچھے جانے پر غصہ ہو گئیں۔
چنئی میں منعقدہ نجی تقریب میں تمنا بھاٹیہ سے ایک مداح نے سوال کیا کہ شادی کے بارے میں آپ کا کیا پلان ہے؟ اس نے ساتھ میں یہ بھی پوچھ لیا کہ کیا تامل لڑکے کو موقع مل سکتا ہے؟
اس پر تمنا بھاٹیہ سخت ناراض ہوئیں۔ انہوں نے جواب دیا کہ ایسے سوال تو میرے والدین بھی مجھ سے نہیں پوچھتے۔
ان سے ایک اور سوال کیا گیا کہ کیا انہیں اپنے لیے کوئی اچھا انسان مل گیا؟ اس پر اداکارہ کا جواب تھا کہ میں فی الحال اپنی زندگی میں بہت خوش ہوں۔
تمنا بھاٹیہ اس وقت اداکار وجے ورما کو ڈیٹ کر رہی ہیں۔ جوڑے نے رواں سال اپنے قریبی تعلقات کے بارے میں باضابطہ اعلان کیا تھا۔
جون میں تمنا بھاٹیہ سے انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا تھا کہ شادی کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے اور کیا آپ شادی کے خیال سے دباؤ محسوس کرتی ہیں؟
اس پر ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال یہ ہے کہ جب آپ شادی کرنے کے بارے میں سوچتے ہیں تو آپ کو شادی کر لینی چاہیے، شادی ایک بڑی ذمہ داری ہے یہ کوئی معمول کی پارٹی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس لیے جب آپ کسی ایسی ذمہ داری کیلیے ذہنی طور پر تیار ہو جاتے ہیں تو آپ کو اسے ادا کرنا پڑتا ہے، اس لیے نہیں کہ سب کہہ رہے ہیں تو شادی کرلو۔
شادی کے بارے میں ماضی کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے تمنا بھاٹیہ نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ میں سمجھتی تھی کہ 30 سال کی عمر میں شادی کر لینی چاہیے، جب میں نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تو یہی سوچتی تھی کہ ایک اداکارہ کو انڈسٹری میں 8 سے 10 سال سے زیادہ کا عرصہ نہیں گزارنا چاہیے۔