واشنگٹن: امریکا نے پاکستان اور بھارت سے پہلگام حملے کے بعد بڑھتی کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالنے پر زور دیا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا امریکا دونوں ملکوں کی حکومتوں کے ساتھ مختلف سطح پر رابطے میں ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی ہم منصب جے شنکر اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے بدھ کو بات کی تھی۔
بھارت کو ملنے والا جواب فوری اور بھرپور ہوگا، آرمی چیف کا ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجزکا دورہ
ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ دونوں سے گفتگو میں وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاک بھارت کو مسائل کے ذمہ دارانہ حل کا مشورہ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ملک ایسا حل نکالیں جو طویل مدتی امن اور علاقائی استحکام برقرار رکھے۔
ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ جیسا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پچھلے ہفتے وزیراعظم نریندر مودی سے کہا تھا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ کھڑا ہے اور بھارتی وزیراعظم مودی کو امریکا کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے جبکہ پاکستان نے اس کی تردید کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
حملے کے بعد نہ صرف بھارت نے پانی کی تقسیم سے متعلق معاہدہ معطل کر دیا اور دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود بند کر دیں بلکہ سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔