ٹنڈوالہ یار: گھر میں آٹا ختم ہونے پر غربت کے شکار والدین نے دو دن کے وقفے سے خود کشی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر ٹنڈوالہ یار میں ایک گاؤں موریوساند میں نہایت افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، ماں باپ سے بچوں کا بھوک سے رونا برداشت نہ ہوا تو خود کشی کر لی، جس سے ان کے 5 بچے یتیم ہو گئے۔
اے آر وائی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ میں دو وقت کی روٹی زندگیاں نگلنے لگی ہے، ٹنڈوالہ یار کے گاؤں موریوساند میں دل دہلانے والا واقع پیش آیا ہے، بچوں نے ماں سے روٹی مانگی لیکن گھر میں خالی برتنوں کے سوا کچھ نہ تھا۔
بچے روٹی کے لیے روتے رہے، ماں نے بچوں کی بھوک اور غربت کی ستم گری برداشت نہ کرتے ہوئے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کر لی۔
دو دن بعد بیوی کا غم اور بچوں کا رونا برداشت نہ ہوا تو، غربت کے ہاتھوں مجبور باپ نے بھی اسی طرح زندگی کا دیا بجھا دیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے 5 معصوم بچے یتیم ہو گئے۔
یتیم بچوں کو ان کے ضعیف العمر دادا نے سرپرستی میں لے لیا، جو خود اپنے بیٹے کی موت اور غربت کے ہاتھوں بری حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔
گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی غریبوں کی زندگیاں نگلنے لگی ہے، حکومت سندھ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ ان معصوم یتیم بچوں کی پرورش اب کون کرے گا۔