ٹنڈو محمد جام : موسلادھار بارش سے مدرسے کی چھت گرگئی، جس کے نتیجے میں دو طالب علم جاں بحق اور اٹھائیس زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد جام میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں موسلادھار بارش سے مدرسے کی چھت گرگئی۔
ریسکیو حکام نے بتایا چھت گرنے سے دو طالب علم جاں بحق اور اٹھائیس زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں سات سال کا زین اور آٹھ سال کا وحید پٹھان شامل ہیں۔
سول اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اب تک 16 بچوں کو اسپتال لایا گیا ہے، اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
خیال رہے پنجاب میں مون سون کے پہلے اسپیل نےلاہورسمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تباہی مچادی ہے۔
مختلف حادثات میں11 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ستائیس سے زیادہ زخمی ہوگئے، جہلم میں لوڈررکشہ الٹنے سےدوافرادبرساتی نالے میں ڈوب گئے۔
مظفرگڑھ میں دیوارگرنے سے دوافراد جاں بحق ہوئے جبکہ ، بہاولنگرمیں چھت گرنے سے ایک شخص اور خانیوال میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔