بوائے فرینڈ شیزان خان کے میک اپ روم میں خود کشی کرنے والی بھارتی اداکارہ، تنیشا شرما کی والدہ نے شیزان خان پر نئے الزامات لگائے ہیں۔
اداکارہ تنیشا شرما کی والدہ ونیتا نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ شیزان خان نشے کا عادی تھا، وہ سیٹ پر بھی منشیات کا استعمال کرتا تھا، ایک بار اس نے شوٹنگ سیٹ پر نشہ کر کے میری بیٹی کو تھپڑ بھی مارا تھا۔
تنیشا شرما کی والدہ نے مزید الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ شیزان خان میری بیٹی تنیشا کو اسلام کی پیروی کرنے پر بھی مجبور کرتا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ ایک بار تنیشا نے شیزان خان کا فون چیک کیا تھا، اس نے شیزان کو کسی اور لڑکی سے بھی بات کرتے ہوئے پکڑ لیا تھا، اس بات پر دونوں میں جھگڑا بھی ہوا تھا اور یہی جھگڑا اِن کا رشتہ ٹوٹنے کا سبب بھی بنا تھا۔
تنیشا شرما کی والدہ ونیتا کا مزید کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ جب شیزان خان کے میک اپ روم کا دروازہ توڑا گیا ہو تو تنیشا سانس لے رہی ہو مگر شیزان خان نے جان بوجھ کر اِسے مرنے کے لیے چھوڑ دیا ہو۔
واضح رہے کہ فلم ’فتور‘ میں کترینا کیف کے بچپن کا کردار نبھانے والی اداکارہ تنیشا شرما کی 24 دسمبر کو میک اپ روم سے لٹکی لاش برآمد ہوئی جسے ابتدائی طور پر خودکشی کا قرار دیا گیا تھا۔