خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں ملٹری کمپاؤنڈ پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 جوان شہید جب کہ 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی ٹانک میں ملٹری کمپاؤنڈ میں داخلےکی کوشش ناکام بنادی گئی، سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 جوان شہید ہوئے ہیں شہداء میں صوبیدار میجر شیر محمد، نائب صوبیدار زبید، حوالدار سہیل، لانس نائیک غلام علی، سپاہی مسکین علی اور سپاہی میرمحمد شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے حوصلے کو مزید تقویت دیتی ہے۔
اس سے قبل 26 مارچ کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن کے دوران چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوا تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھاگتے ہوئے دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق بلوچ نیشنلسٹ آرمی (بی این اے) سے ہے، ہلاک دہشت گردوں میں نصیب اللہ بنگل زئی، پیر جان اور رکئی کلوہی شامل ہیں۔