کراچی : خونی ٹینکر نے ایک اور شہری کی جان لے لی تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک کےباعث جان لیواحادثات کاسلسلہ رک نہ سکا ، شیریں جناح کالونی میں ٹینکر کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم ٹینکر تحویل میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
گذشتہ روز مختلف حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جان سے گئے تھے ، اورنگی ٹاؤن میں تیز رفتار مسافر کوچ نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی تھی ، حادثے میں 45 سالہ خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ شہریوں نے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔
ڈیفنس میں بھی ایسا ہی افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 55 سالہ موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے، جس کی مدد سے ٹینکر اور اس کے ڈرائیور کا سراغ لگایا جائے گا۔