لاہور : دریاؤں کے بہاؤ میں خطرناک حد تک کمی کے بعد ملک میں آبی بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، تربیلا اور منگلاڈیم خالی ہونے کے قریب پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ اور جہلم میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک کمی ہوگئی ہے، جس کے بعد ملک میں پانی اور بجلی کے نئے بحران کا خدشہ بڑھ گیا جبکہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1386 اور منگلا میں پانی کی سطح 1050 ڈیڈ لیول پر برقرار ہے۔
گرمی کی شدت میں اضافہ کے باوجود دریاؤں میں پانی کی آمد میں اضافہ نہیں ہوا، دریائے سندھ اور جہلم سے نکلنے والی متعدد نہریں پانی کی کمی کے باعث یا تو بند ہیں جو چل رہی ہیں انکو پورا پانی فراہم نہیں کیا جا رہا۔
تربیلا، منگلاڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی سے بجلی کی پیداوارمیں کمی ہورہی ہے ، جس سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ پانی کی موجودہ صورتحال برقراررہی توآئندہ فصلوں کوپانی کی کمی کاخدشہ ہے۔
صوبوں میں پانی کی تقسیم کرنے والے ادارے ارسا نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ فصل خریف، کپاس مکئی اور گنے کے لیے صوبوں کو پانی کی کٹوتی میں واضع کمی کی جائے گی۔
آبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گندم کی موجودہ فصل کو بھی پانی کی اشد ضرورت تھی،جو اسے نہیں ملا اور آئندہ فصلوں کی کاشت بھی متاثر ہوگی اور اگر ڈیمو ں میں پانی ختم ہو گیا تو بجلی کی پیداوار مزید کم ہو جائے گی۔