کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن گلشن ضیا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پیپلزپارٹی کے یوسی چیئرمین کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق یوسی چیئرمین عامربھٹو آفس میں موجود تھے کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ جاں بحق ہو گئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے 6 خولز جمع کر لیے ہیں اور ابتدائی شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کےیوسی چیئرمین کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی ہے۔
یوسی چیئرمین کے قتل پراےآئی جی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری اور تحقیقات کےلیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
یوسی چیئرمین کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور تحقیق کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ نےایس پی کی قیادت میں ٹیم تشکیل دی گئی۔
وزیر بلدیات سعیدغنی نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول عامر بھٹو ہمارے فعال کارکن تھے حملہ آوروں نے دفتر میں آکر فائرنگ کی، فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا ہے جو باعث تشویش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گمان ہوتا ہے شہر کے بہتر ہوتے حالات کو خراب کرنےکی سازش ہے ڈالمیا میں پچھلے دنوں ہمارے عہدیدار کی ٹارگٹ کلنگ ہوئی تھی، کراچی:ڈالمیا ٹارگٹ کلنگ کرنےوالےقاتلوں کی نشاندہی ہوچکی ہے امید ہے جلد واقعے میں ملوث ملزمان بھی قانون کی گرفت میں ہوں گے۔