اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے مستعفی ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈان لیکس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے اس لیے استعفیٰ نہیں دوں گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈان لیکس انکوائری کیمیٹی کی رپورٹ میں طارق فاطمی اور راؤ تحسین کے خلاف کارروائی کی سفارش کے بعد دونوں اعلیٰ شخصیات سے استعفیٰ لینے کی خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا ہے۔
ڈان لیکس ،طارق فاطمی اور راؤ تحسین ذمے دار قرار
ذرائع کے مطابق معاون خصوصی طارق فاطمی سارا دن دفتری امور نمٹاتے رہے حالانکہ وہ وزیراعظم نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھی موجود تھے اور میٹنگ کے بعد اپنے معمول کے کاموں کی انجام دہی کے لیے اپنے دفتر بھی پہنچے۔
قومی سلامتی کی خبر: جسٹس عامر رضا تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ مقرر
اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف صابر شاکر نے کل وزیراعظم کے معاون خصوصی سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ دوران گفتگوطارق فاطمی کا موقف تھا کہ ڈان لیکس کی خبر سے میرا کوئی لینا دینا نہیں ہے اور نہ ہی وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران مجھ سے استعفیٰ طلب کیا گیا تو جب میرا کوئی تعلق ہی نہیں تو استعفیٰ دینے کا بھی کوئی جواز نہیں بنتا۔
واضح رہے کہ طارق فاطمی کی اس اہم معاملے پر آج وزیراعظم سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی موجود تھے۔