اسلام آباد : وزیرِاعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امورِ خارجہ طارق فاطمی نے طویل چھٹیوں کی درخواست جمع کرادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امورِ خارجہ طارق فاطمی نے طویل چھٹیوں کی درخواست وزیراعظم ہاؤس میں جممع کرادی ہے جس پر وزیرِ اعظم نواز شریف جلد ہی فیصلہ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے طویل چھٹیوں پر جانے کا ارادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کو درخواست دے دی ہے جسے ناقدین ڈان لیکس کے معاملے سے جوڑ رہے ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ ڈان لیکس کے معاملے پر تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی کی جانب سے اپنی رپورٹ مکمل کر کے جلد پیش کردی جائے گی جس میں ذمہ داروں کا تعین کردیا جائے گا۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈان لیکس انکوائری کمیٹی کی ممکنہ درخواست کے پیش نظر ہی مشیر وزیراعظم برائے امور خارجہ نے غیر معینہ مدت تک چھٹی کی درخواست جمع کروائی ہے۔
واضح رہے قومی سلامتی سے متعلق متنازعہ خبر کی اشاعت کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید پہلے ہی مستعفی ہو چکے ہیں جب کہ طارق فاطمی سمیت فواد حسن فواد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔